ماسکو پر یوکرین کا بڑا حملہ ناکام، 100 سے زائد ڈرون مار گرائے گئے، میئر

drone drone

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

روس کے دارالحکومت ماسکو کی جانب آنے والے یوکرین کے 100 سے زائد ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا ہے۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین کے مطابق اس ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر 105 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ سرگئی سوبیانین نے بتایا کہ دن بھر ان کے ٹیلیگرام چینل پر تقریباً ہر گھنٹے بعد ایک یا ایک سے زائد ڈرونز کو تباہ کیے جانے کی اطلاعات جاری کی جاتی رہیں۔ ان کے مطابق جن مقامات پر مار گرائے گئے ڈرونز کا ملبہ گرا وہاں ہنگامی امدادی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔ ڈرون حملوں کے باعث ماسکو کے تین بین الاقوامی ہوائی اڈوں وینوکووو، دومودیدوو اور ژوکوفسکی میں پروازیں عارضی طور پر روک دی گئیں۔ روس کی وفاقی فضائی ٹرانسپورٹ ایجنسی روساویاتسیا کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ فضائی ٹریفک کو محفوظ رکھا جا سکے۔

روسی وزارت دفاع نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ ہفتے کی رات مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے کے بعد سے روسی فضائی حدود میں کم از کم 295 دشمن ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔ وزارت کے مطابق ماسکو اور ماسکو ریجن کے علاوہ بریانسک، کالوگا، بیلگوروڈ، تویر، اسمولینسک، کرسک، تولا، ساراتوف، وولگوگراد اور کراسنودار کے علاقوں میں بھی ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ اس کے علاوہ کریمیا اور جمہوریہ آدیگیا میں بھی فضائی دفاعی کارروائیاں کی گئیں۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین نے جمعہ کے روز سے بڑے پیمانے پر ڈرون حملوں کا آغاز کیا اور اب تک تقریباً 600 فکسڈ ونگ بغیر پائلٹ طیارے استعمال کیے جا چکے ہیں۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران یوکرین بار بار روسی علاقوں پر ڈرون حملے کر رہا ہے اور ان حملوں میں اہم انفراسٹرکچر اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جنہیں ماسکو نے مایوسی میں کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے قرار دیا ہے۔

دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ ان حملوں کے جواب میں روسی افواج نے بھی یوکرین میں فوجی نوعیت کے اہداف کو نشانہ بنایا۔ وزارت کے مطابق اتوار کے روز روسی فضائیہ، میزائل فورسز، ڈرونز اور توپ خانے نے یوکرینی فوج کی توانائی اور ٹرانسپورٹ تنصیبات، ڈرون لانچنگ مقامات اور یوکرینی افواج اور غیر ملکی کرائے کے جنگجوؤں کے عارضی ٹھکانوں سمیت 148 مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔