سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اسحاق ڈار
اسلام آباد (صداۓ روس)
کوالالمپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں مختلف شعبوں میں ان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ نہ صرف ملک کے لیے زرِمبادلہ بھیج کر معیشت کو سہارا دیتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے میں ملائشیا میں مقیم پاکستانیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر حکومت کی جانب سے تارکینِ وطن کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل کوششوں کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں اور حکومت ان کے لیے سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔