بلوچستان میں پاک فوج کی کارروائیاں: 108 دہشت گرد ہلاک، 10 جوان شہید
اسلام آباد (صداۓ روس)
کوئٹہ: پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 108 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے صوبے کے 12 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملوں کی کوشش کی تھی جنہیں ناکام بنا دیا گیا۔ ان کارروائیوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے 10 جوان شہید ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سنیچر کی صبح دہشت گردوں نے کوئٹہ، دالبندین، پسنی اور گوادر سمیت متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں گوادر میں ایک بلوچ مزدور خاندان کے 5 افراد شہید ہو گئے جن میں ایک خاتون اور تین بچے بھی شامل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کر کے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے 58 دہشت گردوں کو مختلف مقامات پر ہلاک کیا گیا جبکہ گزشتہ دو دنوں میں پنجگور اور شعبان میں 41 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ اس طرح تین دنوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی کل تعداد 108 ہو چکی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے تعاقب میں مختلف لوکیشنز پر آپریشن جاری ہے اور مزید دہشت گردوں کی ہلاکتوں اور نقصانات کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے 10 جوان شہید ہوئے۔ آپریشنز جاری ہیں اور صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے۔