پاک فضائیہ کا مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ

Timur Weapon Timur Weapon

پاک فضائیہ کا مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ

ماسکو (صداۓ روس)
پاک فضائیہ نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے جدید تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کی قومی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ترجمان کے مطابق تیمور ایئر لانچ کروز میزائل روایتی وار ہیڈ سے لیس ہے اور 600 کلومیٹر تک دشمن کے زمینی اور سمندری اہداف کو غیر معمولی درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل جدید ترین نیوی گیشن اور گائیڈنس سسٹمز سے آراستہ ہے اور اسے انتہائی کم بلندی پر پرواز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو مؤثر طور پر چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کے موقع پر مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز موجود تھے، جنہوں نے اس تجربے کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی دفاعی خودانحصاری اور ٹیکنالوجی میں ترقی کی واضح عکاس ہے۔ انہوں نے قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بناتی رہے گی۔

Advertisement