امریکا کے لیے پاکستانی ایئر لائنز کی پروازوں کی بحالی کا امکان روشن
اسلام آباد (صداۓ روس)
امریکا کے لیے پاکستانی ایئر لائنز کی پروازوں کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے باخبر ذرائع کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن نے پاکستان سول ایوی ایشن اور قومی ایئر لائن کا جامع سیفٹی آڈٹ مکمل کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی پانچ رکنی ٹیم نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سول ایوی ایشن کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ٹیم نے لائسنسنگ کے عمل، سیفٹی اوور سائٹ اور فلائٹ اسٹینڈرڈ کے معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا، جسے بعد ازاں مکمل طور پر مستند قرار دے دیا گیا۔ امریکی حکام نے اس دوران ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اور قومی ایئر لائن کے سربراہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستانی اداروں کی جانب سے اپنائے گئے حفاظتی اقدامات اور عالمی معیار کے تقاضوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق امریکی ٹیم نے قومی ایئر لائن کے مختلف شعبہ جات میں بھی سیفٹی آڈٹ کیا اور مجموعی طور پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی جلد ہی اپنے حتمی نتائج سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے گی۔ اگر نتائج مثبت رہے تو امکان ہے کہ امریکا میں پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پروازوں کی پابندی ختم کردی جائے گی۔ یاد رہے کہ امریکا میں کئی برسوں سے پاکستانی ایئر لائنز پر براہِ راست پروازوں کی پابندی عائد ہے۔ تاہم حالیہ اقدامات کے بعد یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ قومی ایئر لائن سمیت دیگر پاکستانی فضائی ادارے ایک مرتبہ پھر امریکا کے لیے اپنی پروازیں بحال کرسکیں گے، جس سے نہ صرف قومی وقار میں اضافہ ہوگا بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی بڑی سہولت میسر آئے گی۔