پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں سے لبنان جنگ خاتمے کی جانب، ایران

Islamabad Islamabad

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کی مسلسل سفارتی کاوشوں اور ثالثی کے نتیجے میں لبنان میں جاری تنازع کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں اس پیش رفت کو خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔

عباس عراقچی کے مطابق حالیہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر عائد بعض پابندیوں میں نرمی، محاصرے کے خاتمے، منجمد اثاثوں کے جزوی اجراء اور ایران کے لیے ایک بڑے تعمیرِ نو اور ترقیاتی منصوبے کے آغاز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات خطے میں معاشی استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ اگرچہ موجودہ پیش رفت حوصلہ افزا ہے، تاہم معاہدے کی کامیابی کا اصل امتحان لبنان ڈی کنفلیکشن سیل کے مؤثر کردار سے وابستہ ہو گا، جو فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے، رابطوں کو بہتر بنانے اور جنگ بندی کے نفاذ کو یقینی بنانے میں اہم ذمہ داریاں انجام دے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سفارتی ذرائع کے ذریعے مسائل کے حل کی یہ کوششیں مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کی راہ ہموار کریں گی اور خطے کے ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔