پاک فوج کی قیادت میں دشمن کو عبرتناک جواب دیا گیا، شہباز شریف
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتا قابلِ قبول نہیں ہوگا اور افغانستان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں اشتعال انگیزی کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر قوم کو فخر ہے اور فیلڈ مارشل کی بےباک قیادت میں افواج نے افغانستان کو بھرپور جواب دیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاک فوج نے متعدد افغان پوسٹس کو تباہ کر کے ان کو پسپائی پر مجبور کیا اور ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع احسن طریقے سے کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے بارہا افغان حکام کو وہاں موجود خوارج اور دیگر انتہا پسند عناصر کے بارے میں معلومات فراہم کیں اور توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی۔