خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

پاک فوج کا جدت کی جانب بڑا قدم: جدید چینی ہیلی کاپٹرز بیڑے میں شامل

Z-10ME

پاک فوج کا جدت کی جانب بڑا قدم: جدید چینی ہیلی کاپٹرز بیڑے میں شامل

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاک فوج نے اپنی فضائی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے جدید ترین زیڈ -10 ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹرز کو باضابطہ طور پر اپنے فضائی بیڑے میں شامل کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب ملتان گیریژن میں منعقد ہوئی جس کی صدارت چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔ تقریب کے دوران مظفرگڑھ فیلڈ فائرنگ رینجز میں لائیو فائر پاور ڈیمانسٹریشن کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زیڈ -10 ایم ای ہیلی کاپٹرز کی شمولیت پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہے۔ یہ جدید، ہر موسم میں پرواز کے قابل ہیلی کاپٹر جدید ریڈار سسٹمز اور الیکٹرانک وارفیئر ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، جو دن اور رات کے دوران انتہائی درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس پیش رفت کو مستقبل کی فضائی اور زمینی خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے مربوط جنگی حکمت عملی کے مظاہرے کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ پاک فوج جدید جنگی تقاضوں کے مطابق خود کو تیار رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔ قبل ازیں کور ہیڈ کوارٹرز میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو آپریشنل تیاریوں اور جاری تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے فارمیشن کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے اپنے دورے کے دوران ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے قومی یکجہتی، سول و عسکری تعاون اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ قومی حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر ملتان نے ان کا استقبال کیا۔

شئیر کریں: ۔