پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کیلئے ویزا فری انٹری
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
پاکستان اور بنگلہ دیش نے بدھ کے روز ایک اہم پیش رفت کے تحت ایک دوسرے کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزا کے بغیر داخلے کی اجازت دینے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ جہانگیر عالم چودھری کے درمیان ملاقات کے دوران طے پایا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرا نے داخلی سلامتی اور پولیس ٹریننگ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جب کہ انسداد منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے کہا میں اپنے بھائی محسن نقوی کو ڈھاکہ آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ آپ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا اس تعاون کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹی کی قیادت کریں گے۔ اس حوالے سے بنگلہ دیش کا ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد اسلام آباد میں نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کرے گا۔ ملاقات میں بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے داخلہ خُدا بخش، سیکریٹری نسیم الغنی، ایڈیشنل سیکریٹری برائے سیکیورٹی ڈویژن شمیم خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی کی بنگلہ دیش کی وزارت داخلہ آمد پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔