پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی

Shadab Khan Pakistan cricket Shadab Khan Pakistan cricket

لاہور( صداۓ روس)

پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے 158 رنز کا ہدف 42ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو 157 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ آسٹریلوی کپتان جوش انگلس 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ مارنس لبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز بنائے۔ ایڈم زیمپا 10 رنز کے ساتھ دوہرے ہندسے میں داخل ہونے والے دیگر بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز محتاط رہا۔ صاحبزادہ فرحان 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ معاذ صداقت نے 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا۔ غازی غوری 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مشکل اسپن وکٹ پر بیٹنگ آسان نہ تھی، تاہم بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ سلمان علی آغا نے بھی اہم 33 رنز کی شراکت میں کردار ادا کیا۔ ایک مرحلے پر پاکستان کا اسکور 112 رنز پر 6 وکٹیں ہو گیا تھا اور میچ دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا تھا۔ اس موقع پر شاداب خان اور عبدالصمد نے ساتویں وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 49 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ شاداب خان 29 اور عبدالصمد 18 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کونہمین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیتھن ایلس، میتھیو شارٹ اور میٹ رینشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس فتح کے ساتھ پاکستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز 1-2 سے جیت لی۔ قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی نے کی جبکہ نوجوان کھلاڑیوں اور بولرز کی عمدہ کارکردگی سیریز میں کامیابی کا اہم سبب بنی۔