پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود بند کردی
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے ایک اہم اور سخت سفارتی و دفاعی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ بھارت کی جانب سے جاری اشتعال انگیزی، آبی جارحیت کے خدشات، اور حالیہ سرحدی خلاف ورزیوں کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی طیارے اب پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پابندی تمام کمرشل اور کارگو پروازوں پر لاگو ہوگی، جبکہ ممکنہ طور پر اوور فلائٹ کی سہولت بھی معطل کر دی جائے گی، جس کا بھارتی ایئرلائنز کو شدید نقصان ہو سکتا ہے، کیونکہ متعدد بین الاقوامی روٹس پاکستانی فضائی حدود سے ہو کر گزرتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، لیکن بھارت کے مسلسل اشتعال انگیز اقدامات کا مؤثر جواب دینا ہماری مجبوری بن چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف بھارت کو سفارتی محاذ پر مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے بلکہ ہوابازی کی صنعت میں بھی نمایاں مالی نقصان متوقع ہے۔
دوسری جانب عالمی برادری سے بھی اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی طرف راغب کرے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔