اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

پاکستان سموگ کو روکنے میں ناکام، صورت حال بدترین ہوگئی

پاکستان سموگ کو روکنے میں ناکام، صورت حال بدترین ہوگئی

اسلام آباد (صداۓ روس)
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی سڑکیں سموگ کی سفید چادر سے ڈھکی ہوئی ہیں۔ ہر دوسرا شخص آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش، اور سانس لینے میں دقّت کی شکایت کرتا نظر آ رہا ہے۔ جو افراد مالی طور پر کچھ مستحکم ہیں وہ سموگ کے نقصان دہ اثرات سے بچنے کے لیے گھروں میں ایئر پیوریفائر کا استعمال کر رہے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہر دوسرے دن لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہوتا ہے تاہم، رواں ماہ ائیر کوالٹی انڈیکس متعدد مرتبہ ایک ہزار سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔
سموگ کے پیش نظر صوبائی حکومت نے لاہور میں گرین لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے پرائمری سکولوں کو 17 نومبر تک بند کر دیا ہے۔
38 سالہ پرائمری سکول کی ٹیچر رافعہ اقبال کہتی ہیں کہ ’بچے مسلسل کھانس رہے ہیں، انہیں الرجی ہے۔ سکولوں میں ہم نے دیکھا کہ زیادہ تر بچے بیمار پڑ رہے ہیں۔‘ ان کے شوہر 41 سالہ محمد صفدر جو ایڈورٹائزنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں، نے کہا کہ آلودگی کی سطح روزمرہ کی زندگی کو ناممکن بنا رہی ہے۔ انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم ادھر ادھر نہیں جا سکتے، ہم باہر نہیں جا سکتے، ہم کچھ بھی نہیں کر سکتے۔‘

بین الاقوامی ایئر کوالٹی انڈیکس سکیل کے مطابق 300 یا اس سے زیادہ کا انڈیکس انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے اور پاکستان میں یہ سطح اکثر ایک ہزار سے تجاوز کر رہی ہے۔تقریباً 350 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر ملتان میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی سطح گزشتہ ہفتے دو ہزار سے تجاوز کر گئی۔ اس صورتحال کے پیش نظر پارکس، چڑیا گھر، کھیل کے میدانوں، عجائب گھروں اور تاریخی و تفریحی مقامات پر 17 نومبر تک پابندی عائد کی گئی ہے۔

Share it :
Translate »