پاکستان ریلوے اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کا فریٹ کوریڈور اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

Pakistan Railways Pakistan Railways

پاکستان ریلوے اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کا فریٹ کوریڈور اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان ریلوے اور نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن نے مین لائن–2 (ایم ایل–2) کو ایک مخصوص فریٹ کوریڈور کے طور پر اپ گریڈ کرنے کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ملک کے مختلف شہروں تک سامان کی ترسیل کو تیز، مؤثر اور کم وقت میں ممکن بنانا ہے۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی کے مطابق یہ منصوبہ تقریباً 2 ارب ڈالر کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کے حکام کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات میں ایم ایل–2 پر فریٹ کوریڈور کی تیاری پر عملی کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر ریلوے نے وضاحت کی کہ منصوبہ کوٹری سے شروع ہو کر اٹک تک پھیلا ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں فزیبلٹی اسٹڈی اور دیگر تیاریوں کے لیے ایک بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی تقرری کی جائے گی تاکہ منصوبے کے تکنیکی، مالیاتی اور آپریشنل پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔ حنیف عباسی کے مطابق منصوبے کے لیے درکار مالی وسائل نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن خود بینکوں یا فنڈنگ ایجنسیوں کے ذریعے حاصل کرے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مخصوص فریٹ کوریڈور کی تکمیل سے نہ صرف سامان کی نقل و حمل میں تیزی آئے گی بلکہ لاجسٹکس لاگت میں کمی اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کی بھی توقع ہے۔

Advertisement