اسلام آباد اگست 2027 میں ایس سی او سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا

Islamabad Islamabad

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اگست 2027 میں اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ منگل کو ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آئیے مل کر مشترکہ مستقبل تشکیل دیں اور اپنے تمام عوام کی طویل مدتی خوشحالی کو یقینی بنائیں۔

ڈار تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے دو روزہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، جو 19 اکتوبر کو شروع ہوا۔ پاکستان 2026-27 کے لیے ایس سی او کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے، جس کا اختتام اگست 2027 میں اسلام آباد میں سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس پر ہوگا۔ اس صدارت کے دوران پاکستان نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، توانائی، غربت میں کمی، آفات سے نمٹنے، صحت، ثقافت اور کھیلوں میں عملی تعاون کی تجاویز پیش کی ہیں، جبکہ خودمختار مصنوعی ذہانت کے ڈھانچے اور نظم و نسق کے لیے ایس سی او فریم ورک بھی تجویز کیا ہے۔

سربراہی اجلاس کی تیاریاں جاری ہیں، جن میں جناح کنونشن سینٹر کی اپ گریڈیشن، ایک اضافی بلاک کی تعمیر اور وفاقی دارالحکومت میں ہوٹلوں کی گنجائش میں توسیع شامل ہے۔ حال ہی میں اسحاق ڈار نے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے فالو اپ اجلاس کی صدارت بھی کی تھی، جس میں اجلاس کے انتظامات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس سے قبل انہوں نے ہدایت کی تھی کہ تمام تیاریاں طے شدہ وقت کے مطابق مکمل کی جائیں۔ پاکستان 2024 میں بھی ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی صدارت کر چکا ہے، جس کا اجلاس اکتوبر 2024 میں اسلام آباد میں ہوا تھا۔