پاک – سعودی دفاعی معاہدہ تیاری کے مرحلے میں، پاکستانی وزیر برائے دفاعی پیداوار

Muhammad Raza Hayat Harraj Muhammad Raza Hayat Harraj

پاک – سعودی دفاعی معاہدہ تیاری کے مرحلے میں، پاکستانی وزیر برائے دفاعی پیداوار

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان کے وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان ایک سہ فریقی دفاعی معاہدے کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جو گزشتہ تقریباً ایک سال سے جاری مذاکرات کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق یہ ممکنہ معاہدہ گزشتہ برس اعلان کردہ دو طرفہ سعودی۔پاکستانی دفاعی تعاون سے الگ ہے اور اسے حتمی شکل دینے کے لیے تینوں ممالک کے درمیان مکمل اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ رضا حیات ہراج نے بدھ کے روز غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سہ فریقی دفاعی معاہدہ پہلے ہی پائپ لائن میں موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کا مسودہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی تینوں کے پاس موجود ہے اور گزشتہ دس ماہ سے اس پر غور و خوض جاری ہے۔ ادھر جمعرات کو استنبول میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فدان نے میڈیا رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ تینوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں، تاہم ابھی تک کسی معاہدے پر دستخط نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں عدم اعتماد، بیرونی بالادستی، دہشت گردی سے جنم لینے والی جنگوں اور عدم استحکام پر قابو پانے کے لیے وسیع تر علاقائی تعاون اور باہمی اعتماد کی ضرورت ہے۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے کے تمام ممالک کو سلامتی کے معاملے پر ایک مشترکہ تعاون پلیٹ فارم قائم کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق علاقائی مسائل اسی صورت حل ہو سکتے ہیں جب متعلقہ ممالک ایک دوسرے پر اعتماد کریں۔ حاقان فدان نے مزید کہا کہ اس وقت بات چیت اور ملاقاتیں جاری ہیں، تاہم ابھی کوئی معاہدہ طے نہیں پایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترک صدر طیب اردوان کا وژن ایک جامع پلیٹ فارم کا قیام ہے جو وسیع تر تعاون اور استحکام کو فروغ دے۔

Advertisement