پاکستان کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ
اسلام آباد (ذاکر آفریدی)
پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد روانہ کی ہے۔ بدھ کے روز طورخم بارڈر پر ایک پروقار تقریب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر بھیجا گیا 5 کنٹینرز پر مشتمل 105 ٹن امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔ امدادی سامان حوالگی کی تقریب میں وفاقی وزیر امیر مقام نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ سامان افغانستان کے قونصل جنرل حافظ محیب اللہ شاکر اور دیگر افغان حکام کے سپرد کیا۔ اس موقع پر این ڈی ایم اے کے حکام، اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل افراسیاب زبیر، سیکیورٹی فورسز کے نمائندے، سابق اراکین اسمبلی شفیق شیر آفریدی اور بلاول آفریدی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ملک سردار اعظم آفریدی، ملک سید غاجان آفریدی، ساجد علی آفریدی، ملک نثار آفریدی سمیت مقامی عمائدین بھی موجود تھے۔
افغان حکام نے پاکستان کی وفاقی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام اور حکومت کا ساتھ افغان عوام کے لیے حوصلے کا باعث ہے۔ یہ امدادی سامان افغان زلزلہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے، جس میں روزمرہ استعمال کی اشیاء، خیمے اور طبی ساز و سامان شامل ہیں۔