پاکستان جان لے، آپریشن سندور ختم نہیں ہوا، نریندر مودی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ “پاکستان کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ آپریشن سندور ختم نہیں ہوا۔” یہ بیان انہوں نے ریاست ہماچل پردیش میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دیا جہاں انہوں نے پاکستان کو براہ راست تنبیہ کی کہ “ہندوستان اپنے دشمنوں کو بھولتا نہیں اور وقت آنے پر جواب ضرور دیتا ہے۔”
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں، اور دہشت گردی کو پناہ دینے والوں کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ماضی میں بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور آئندہ بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
انہوں نے اپنی تقریر میں سابق حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “کچھ لوگ پاکستان سے دوستی کی بات کرتے ہیں، لیکن ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ کیا آپ ملک کے جوانوں کی قربانیاں بھول گئے؟ ہم نہ بھولتے ہیں، نہ معاف کرتے ہیں۔” مودی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور پاکستان کے ساتھ کشیدہ تعلقات کو ایک بار پھر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔