پاکستان کی ایران پر حملوں کی سخت مذمت، کشیدگی کم کرنے پر زور
اسلام آباد (صداۓ روس)
دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق پاکستان نے ایران پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خطے میں فوری کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل پر زور دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹیلی فون کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی مجموعی صورتحال اور ایران میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش رکھتا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے فوری طور پر تناؤ میں کمی، سفارت کاری کی بحالی اور بحران کے پُرامن و مذاکراتی حل کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔