پیٹرول 7 روپے سستا، ایل پی جی 17 روپے فی کلو کم ، عوام کو ریلیف مل گیا
اسلام آباد (صداۓ روس)
حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو آج (یکم اگست) سے نافذالعمل ہو چکی ہے۔ تاہم دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 48 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 285 روپے 83 پیسے ہو گئی ہے۔ حکومت نے یہ قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر مقرر کی ہیں۔ ادھر اوگرا نے یکم اگست سے ایل پی جی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے 73 پیسے کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 215 روپے 37 پیسے فی کلو مقرر ہوئی ہے۔
اوگرا کے مطابق 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2541 روپے 36 پیسے ہوگی۔ جولائی میں یہی سلنڈر 2750 روپے 60 پیسے میں فروخت ہو رہا تھا، یوں گھریلو صارفین کو 200 روپے سے زائد کا ریلیف ملا ہے۔ پیٹرول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اس کمی کو عوامی حلقے حکومت کی جانب سے مہنگائی کے بوجھ میں کمی کی کوشش قرار دے رہے ہیں، تاہم ڈیزل کی قیمت میں معمولی اضافے پر مایوسی کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے۔