اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے گا، صدر ٹرمپ کا اعلان

Trump

پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے گا، صدر ٹرمپ کا اعلان

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک پاکستان میں موجود بڑے تیل کے ذخائر کو ترقی دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کی اس شراکت داری کی قیادت کرنے کے لیے ایک آئل کمپنی کے انتخاب کا عمل جاری ہے، جو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے ایک دن ایسا بھی آئے جب پاکستان بھارت کو تیل بیچنا شروع کرے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت وائٹ ہاؤس میں تجارتی معاہدوں کے سلسلے میں نہایت مصروف ہیں اور دنیا کے کئی ممالک کے رہنماؤں سے بات چیت کر رہے ہیں۔ ان کے بقول، دنیا کے تمام رہنما امریکہ کو خوش دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے بھارت پر یکم اگست سے پچیس فیصد درآمدی محصول (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت اب تک صرف چودہ اعشاریہ دو چھ فیصد محصول دے رہا تھا، جو بہت کم ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے یہ نیا محصول ادا نہ کیا تو اسے بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے ہمیشہ فوجی سازوسامان کے بڑے سودے روس سے کئے ہیں، اور توانائی کے شعبے میں بھی وہ روس اور چین پر انحصار کرتا رہا ہے، حالانکہ وہ امریکہ کا دوست ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔ اس تجارتی معاہدے کو ماہرین پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی بلکہ پاکستان ممکنہ طور پر ایک توانائی برآمد کرنے والا ملک بھی بن سکتا ہے۔

Share it :