پاکستانی سفیر کی ایشیائی تعاون مکالمہ (ACD) کے وزرائے کھیل کے پہلے اجلاس میں شرکت
سمارا (اشتیاق ہمدانی)
روسی شہر سمارا میں ایشیائی تعاون مکالمہ (Asian Cooperation Dialogue – ACD) کے رکن ممالک کے وزرائے کھیل اور سینئر حکام کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر برائے روس جناب فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اجلاس کا موضوع تھا: “روایت سے جدت تک — ACD ممالک میں کھیلوں کا مستقبل”۔ اپنے خطاب میں سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان کی کھیلوں کے شعبے میں نمایاں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو فخر ہے کہ جیولن تھرو میں ارشد ندیم نے ملک کے لیے پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی، جبکہ پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں ثمینہ بیگ اور نائلہ کیانی نے ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سر کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کھیلوں کے فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا رہی ہے، نوجوانوں کے لیے تعلیمی وظائف، تربیتی مواقع اور کھیلوں کے میلوں کے ذریعے ایسا نظام تشکیل دے رہی ہے جس سے ہر باصلاحیت بچہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکے۔ سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو کھیلوں کے ذریعے بااختیار بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ فیصل نیاز ترمذی نے روس کی قیادت میں ACD ممالک کے درمیان کھیلوں کے فروغ، تعاون اور اختراع کے سلسلے میں ہونے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ رکن ممالک کھیلوں کے شعبے میں اپنی مہارت، ٹیکنالوجی اور بہترین تجربات ایک دوسرے کے ساتھ بانٹیں تاکہ پورے ایشیا میں کھیلوں کا معیار بلند ہو۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر اُمید ظاہر کی کہ کھیلوں کے ذریعے ایشیائی اقوام کے درمیان اتحاد، دوستی اور نوجوان نسل کے لیے تحریک کو فروغ ملے گا۔ یہ اجلاس بین الاقوامی اسپورٹس فورم “Russia: Country of Sports” کے موقع پر منعقد ہوا، جس میں 23 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔