ماسکو (صدائے روس)
پاکستان کے سفیر برائے روس فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو پولی ٹیکنک یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس ریکٹر برائے بین الاقوامی امور یولیا ڈیوڈووا اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سفیر پاکستان نے پاکستانی طلبہ کے لیے روسی تعلیمی وظائف میں اضافے کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تعلیم، ثقافت، کاروبار اور عوامی روابط کے ذریعے پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے، جس سے دونوں دوست ممالک کے سیاسی اور حکومتی روابط کو بھی فروغ ملے گا۔

دورے کے موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی اور کھلے دل سے ان کے مسائل سنے اور سوالات کے جوابات دئیے۔
سفیر پاکستان کو یونیورسٹی کے آٹوموبائل شو رومز اور لیبارٹریز کا بھی دورہ کرایا گیا، جہاں طلبہ جدید گاڑیاں تیار کرتے ہیں۔ اور ان کو ماسکو پولی ٹیکنک یونیورسٹی میں لیکچر دینے کی دعوت بھی دی گئی۔

