اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

پاکستانی وزیر توانائی کا دورہ روس، توانائی کے شعبے میں تعاون پر پیش رفت

Minister for Energy Mr. Ali Pervaiz Malik

پاکستانی وزیر توانائی کا دورہ روس، توانائی کے شعبے میں تعاون پر پیش رفت

سینٹ پیٹرزبرگ (اشتیاق ہمدانی)
وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک ان دنوں روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں جاری بین الاقوامی اقتصادی فورم 2025 میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ یہ فورم 18 سے 21 جون تک جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر سے اعلیٰ سطحی حکومتی و تجارتی وفود شریک ہیں۔ فورم کے موقع پر وزیر توانائی کی ملاقات روسی وزیر توانائی اور پاک-روس بین الحکومتی کمیشن کے چیئرمین سرگئی تسویلیف سے ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، بینکاری، انشورنس، کان کنی اور عوامی رابطوں سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی۔

نمائندہ صداۓ روس کے مطابق روسی فریق نے ان تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اس بات کی امید ظاہر کی کہ بین الحکومتی کمیشن کا دسواں اجلاس 2025 کی دوسری سہ ماہی میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جہاں باقاعدہ معاہدوں اور عملی پیش رفت پر بات کی جائے گی۔ وزیر توانائی علی پرویز ملک نے فورم کے موقع پر روسی ادارے روسٹوم منرلز کے فرسٹ ڈپٹی ڈائریکٹر الیکسی شی میتوف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے روسی ادارے کو پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، بالخصوص جدید ٹیکنالوجی، تحفظ کے اقدامات اور شعبے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اشتراک کی تجویز پیش کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر الیکسی شی میتوف نے جواب میں پاکستان میں کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے اور تجاویز پیش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ یہ دورہ پاکستان اور روس کے درمیان اقتصادی اور توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی جانب ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے، جو مستقبل قریب میں عملی معاہدوں کی صورت میں مزید مضبوطی اختیار کر سکتا ہے۔

Share it :