وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر پوتن سے ملاقات کو’انتہائی خوشگوار قرار دے دیا
اسلام آباد(صداۓ روس)
بیجنگ میں جاری دورے کے دوران پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کو ’’انتہائی خوشگوار اور تعمیری‘‘ قرار دیا۔ وزیرِاعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ میری معزز صدر ولادیمیر پوتن سے بیجنگ میں جاری دورے کے موقع پر ملاقات نہایت گرمجوش اور تعمیری رہی۔ ہم نے اپنی گزشتہ ملاقات (2024 میں آستانہ) کو یاد کیا اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک روس تعلقات مختلف شعبوں میں مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تجارت، روابط، توانائی، زراعت، مصنوعی ذہانت، دفاع، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط کے میدان میں روس کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں خطے اور دنیا کے اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے بالخصوص شنگھائی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیرِاعظم نے صدر پوتن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں روس کے دورے اور نومبر میں ماسکو میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائےاعظم اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔