پاکستانی نمائندے آئندہ ہفتے امریکہ آ رہے ہیں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی حکومت کے اعلیٰ سطحی نمائندے آئندہ ہفتے واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہاں انہوں نے اس دورے کو پاک امریکہ تعلقات کے لیے ایک “اہم اور مثبت پیش رفت” قرار دیا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ “ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ آئندہ ہفتے ان کے نمائندے ہمارے پاس آ رہے ہیں، اور ہم کئی اہم امور پر بات چیت کریں گے، جن میں علاقائی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور تجارتی تعاون شامل ہیں۔” انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ حالیہ مہینوں میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کا عمل مزید فروغ پائے گا۔ یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ رہا ہے، خصوصاً افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تناظر میں۔ ایسے میں یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے سفارتی طور پر اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔