کالوگا (صداۓ روس)
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے روس میں سفیر، جناب فیصل نیاز ترمذی نے روسی شہر کالوگا میں منعقدہ “یونٹی کپ” (Unity Cup) ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ یہ مقابلہ روس کے قومی یومِ اتحاد (National Unity Day) کے موقع پر منعقد کیا گیا۔
سفیرِ پاکستان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا:
“یونٹی کپ میں شرکت میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ یہ دوستانہ مقابلہ صرف ایک کھیل نہیں، بلکہ اقوام کے درمیان عوامی تعلقات کو مضبوط کرنے اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔”
روسی فیڈریشن کونسل کے نائب چیئرمین سے پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کی ملاقات
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کے منتظمین کے شاندار انتظامات اور خوشگوار ماحول کے لیے گہری شکرگزاری کا اظہار کرتے ہیں۔
تقریبِ افتتاح کے مہمانِ خصوصی روس کے نائب وزیرِ خارجہ الیگزینڈر گروشکو، روسی ٹینس فیڈریشن کے صدر شامیل تَرپیشچیف، اور کالوگا ریجن کے گورنر ولادیسلاو شاپشا تھے۔
ٹورنامنٹ میں سیرا لیون، منگولیا اور شمالی کوریا (ڈی پی آر کے) کے سفیروں، عمان کے نگرانِ امور
(Chargé d’Affaires)، اور چین و تاجکستان کے سفارتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
روسی جانب سے شرکاء میں اسٹیٹ ڈوما کے ارکان، سینیٹرز، سفارتکار، پائلٹ-کوسموناؤٹس، قطبی محققین، کھیلوں کے ماہرین اور نوجوان کھلاڑی شامل تھے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مضبوط روابط قائم کیے بلکہ روسی فریق کے ساتھ بھی اپنے بہترین تعلقات استوار کیے ہیں۔
وہ خود ذاتی طور پر مختلف تقریبات، فورمز اور سماجی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔
ماسکو آمد کے چند ہی دنوں میں انہوں نے سمارہ (Samara) میں منعقدہ ایشیائی تعاون ڈائیلاگ (ACD) کے وزرائے کھیل کے اجلاس میں بھی شرکت کر کے پاکستان کی مؤثر نمائندگی کی۔
فیصل نیاز ترمذی روس میں پاکستان کے ایک فعال، متحرک اور پیشہ ور سفارتکار کے طور پر پہچانے جا رہے ہیں، جو کھیل، ثقافت، تعلیم اور سفارتکاری کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔


