لاہور میں پاکستان کی پہلی مکمل زیرِ زمین میٹرو ٹرین منصوبے کی منظوری

Lahore metro train Lahore metro train

لاہور میں پاکستان کی پہلی مکمل زیرِ زمین میٹرو ٹرین منصوبے کی منظوری

اسلام آباد (صداۓ روس)
صوبہ پنجاب کی حکومت نے لاہور میں پاکستان کے پہلے مکمل زیرِ زمین میٹرو نظام، بلیو لائن میٹرو منصوبے، کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کو شہری آمدورفت میں بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو شہر کے مختلف اہم علاقوں کو جدید ٹرانسپورٹ کے ذریعے آپس میں جوڑے گا۔ بلیو لائن میٹرو منصوبہ تقریباً 27 کلومیٹر طویل ہوگا اور ویلنشیا ٹاؤن سے بابو صابو چوک تک مکمل طور پر زیرِ زمین تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت جدید سرنگ کھودنے والی مشینری استعمال کی جائے گی تاکہ پوری میٹرو لائن زمین کے نیچے تعمیر کی جا سکے اور شہر کی سطح پر ٹریفک اور شہری سرگرمیوں پر کم سے کم اثر پڑے۔ حکام کے مطابق اس میٹرو لائن کی روزانہ گنجائش ڈھائی لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے کی ہوگی۔ منصوبے کے اہم اسٹیشنوں میں جوہر ٹاؤن، گلبرگ، جیل روڈ اور علامہ اقبال ٹاؤن شامل ہوں گے، جو لاہور کے مصروف ترین رہائشی اور تجارتی علاقوں میں شمار ہوتے ہیں۔

منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 600 ارب روپے بتائی جا رہی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ اس کی تکمیل کا ہدف تین سال کے اندر رکھا گیا ہے۔ اس منصوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے چین، جاپان اور فرانس کے بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حکومت پنجاب کے مطابق بلیو لائن میٹرو منصوبہ لاہور میں جدید، تیز رفتار اور ماحول دوست شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کی بنیاد رکھے گا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔