فلسطین نے کشمیر حملے کے بعد بھارت کی حمایت کا اعلان کردیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
فلسطین کے صدر محمود عباس نے کشمیر حملے کے بعد بھارت کی سلامتی کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا. فلسطین کے صدر محمود عباس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک اہم خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس حملے میں بھارتی سکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جس پر عالمی سطح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اپنے خط میں صدر محمود عباس نے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مخالفت کرتا ہے اور امن کے قیام کے لیے عالمی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
محمود عباس نے مزید کہا کہ فلسطین حکومت اور عوام بھارت کی خودمختاری، استحکام اور سلامتی کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ یکجہتی میں کھڑے ہیں اور ہر اس کوشش کی حمایت کرتے ہیں جو دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہو۔
صدر عباس نے اپنے خط میں اس امید کا بھی اظہار کیا کہ بھارت اپنی قومی یکجہتی اور عزم کے ساتھ ایسے بزدلانہ حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا اور ملک میں امن اور استحکام کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگا۔ واضح رہے کہ پہلگام میں حالیہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب جنوبی ایشیا میں سلامتی کی صورتحال پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہے، اور ایسے واقعات خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کر سکتے ہیں۔ عالمی رہنماؤں کی جانب سے حملے کی مذمت اور بھارت کے ساتھ یکجہتی کے اعلانات کا سلسلہ جاری ہے۔