تھائی لینڈ سے ممبئی آنے والا مسافر زہریلے سانپوں کی اسمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت کے مالیاتی مرکز ممبئی کے ہوائی اڈے پر ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جب تھائی لینڈ سے آنے والے ایک مسافر کو درجنوں زہریلے سانپ اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کر لیا گیا۔ بھارتی حکام کے مطابق یہ مسافر ممبئی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد مشتبہ حرکات کے باعث تلاشی کے دوران پکڑا گیا۔
اس کے سامان کی جانچ پڑتال کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ درجنوں خطرناک اور زہریلے قسم کے وائپر سانپ چھپا کر بھارت لانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ان سانپوں کو بیگ میں مہارت سے چھپایا گیا تھا تاکہ اسکینرز اور سیکیورٹی عملے کو دھوکہ دیا جا سکے۔محکمہ جنگلی حیات اور کسٹمز حکام نے فوری طور پر سانپوں کو اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ اقدام غیر قانونی پالتو جانوروں کی بین الاقوامی اسمگلنگ کا حصہ ہو سکتا ہے، جو جانوروں کی غیر قانونی تجارت سے جُڑا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ زہریلے سانپ نہ صرف انسانی زندگی کے لیے خطرہ تھے بلکہ ماحولیاتی توازن کو بھی نقصان پہنچا سکتے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔