ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
چین اور شمالی کوریا کے درمیان تقریباً 6 سال بعد مسافر ٹرین سروس دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ سے پیانگ یانگ جانے والی پہلی ٹرین جمعرات کو روانہ ہوئی۔ یہ ٹکٹ زیادہ تر کاروباری ویزا رکھنے والے مسافروں نے خریدے تھے، جن میں کاروباری افراد، سرکاری حکام اور صحافی شامل تھے۔
چینی ریلوے کے مطابق اب 18 مارچ کو چلنے والی اگلی ٹرین کے لیے بھی ٹکٹ دستیاب ہیں۔ چینی ریلوے کا کہنا ہے کہ ڈانڈونگ اور پیانگ یانگ کے درمیان ٹرین روزانہ کی بنیاد پر چلے گی، جبکہ بیجنگ اور پیانگ یانگ کے درمیان ٹرینیں ہفتے میں چار دن یعنی پیر، بدھ، جمعرات اور ہفتہ کو آپریٹ کی جائیں گی۔ مسافروں کی دستاویزات اور چیکنگ کا عمل چین میں ڈانڈونگ بارڈر کراسنگ پر اور شمالی کوریا کے شہر سینوئجو میں مکمل کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان یہ مسافر ٹرین سروس 2020ء میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث معطل کر دی گئی تھی۔ یہ ریلوے لائن شمالی کوریا اور اس کے اہم اتحادی چین کے درمیان سفر اور تجارت کے لیے ایک انتہائی اہم ذریعہ تصور کی جاتی ہے۔