پشاور (صدائے روس)
مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ بنکرز اور اسلحہ تھا، جسے اب ختم کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا ہے کہ ٹل پاراچنار روڈ کی مرمت کے لیے 10 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ کرم کے علاقے کو مکمل طور پر بنکرز اور اسلحے سے پاک کر دیا گیا ہے، جہاں 979 بنکرز تباہ کیے جا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 86 دیہات سے اسلحہ اور گولہ و بارود کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ علاقے میں اب ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ بازاروں کی تزئین و آرائش پر 30 کروڑ روپے سے زیادہ رقم خرچ کی جا چکی ہے، جبکہ 9.6 ارب روپے کی لاگت سے سڑک کی توسیع کا بڑا منصوبہ بھی جاری ہے۔
ان اقدامات کا مقصد نہ صرف امن و امان کی بحالی ہے بلکہ علاقے میں ترقی، روزگار اور سہولیات کو بہتر بنانا بھی شامل ہے۔