آسٹریلیا کا جنوری کے آخر میں دورۂ پاکستان : پی سی بی کی تصدیق
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوری کے آخر میں آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جس کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ پی سی بی کے مطابق یہ تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے اور سیریز کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا، جبکہ دیگر دو میچز 31 جنوری اور یکم فروری کو کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ بدھ 28 جنوری کو لاہور پہنچے گا۔ شیڈول کے مطابق تینوں میچز میں ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق شام 5:30 بجے ہوگا جبکہ پہلا گیند شام 6 بجے کرائی جائے گی۔ بورڈ کے مطابق یہ سیریز آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ورلڈ کپ میں پاکستان گروپ اے جبکہ آسٹریلیا گروپ بی میں شامل ہے، جس کے باعث یہ سیریز دونوں ٹیموں کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ مارچ 2022 کے بعد آسٹریلیا کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہوگا۔ 2022 میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان میں ایک ٹیسٹ سیریز، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا، جبکہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تین میچز بھی پاکستان میں منعقد ہوئے تھے۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید سمیر احمد سید نے کہا کہ بورڈ آسٹریلیا کی تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کی میزبانی پر پُرجوش ہے۔ ان کے مطابق یہ سیریز پاکستانی شائقینِ کرکٹ کے لیے سال کا شاندار آغاز ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارچ 2022 کے بعد سے آسٹریلوی ٹیم قذافی اسٹیڈیم میں ایک ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکی ہے، جس کے باعث یہ میدان ان کے لیے خاصا مانوس ہو چکا ہے۔