امریکہ کا وینزویلا کے خلاف فوجی کاروائی پرغور – پینٹاگون کی ٹرمپ کو بریفنگ

F-18 Super Hornet F-18 Super Hornet

امریکہ کا وینزویلا کے خلاف فوجی کاروائی پرغور – پینٹاگون کی ٹرمپ کو بریفنگ

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے مطابق پینٹاگون کے اعلیٰ عسکری حکام نے جمعرات کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وینزویلا کے خلاف ممکنہ فوجی آپریشنز سے متعلق بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق اس بریفنگ میں وزیرِ جنگ پیٹ ہیگستھ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین بھی شامل تھے، جنہوں نے صدر ٹرمپ کو مختلف فوجی آپشنز پیش کیے، جن میں وینزویلا کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کی تجاویز بھی شامل تھیں۔ تاہم، دو ذرائع کے مطابق اجلاس میں کسی حتمی فوجی کارروائی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب وینزویلا نے امریکی فوجی سرگرمیوں کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر اپنی مسلح افواج کو ہائی الرٹ پر رکھتے ہوئے ملک گیر سطح پر فوجی تعیناتی کا اعلان کر دیا ہے۔ وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پادرینو لوپیز نے بتایا کہ تقریباً دو لاکھ فوجی اہلکاروں کو مکمل جنگی تیاری کے ساتھ متحرک کر دیا گیا ہے۔ زمینی، فضائی، بحری اور ریزرو دستوں کو بدھ تک جاری رہنے والی فوجی مشقوں کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ ملک کے دفاع کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی بحریہ نے بتایا کہ طیارہ بردار بحری جہاز “یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ” اور اس کے ساتھ موجود تین جنگی جہاز بحرِ کریبیئن کے اس علاقے میں داخل ہو چکے ہیں جو امریکی سدرن کمانڈ کے دائرہ کار میں آتا ہے، جس میں لاطینی امریکا اور کریبیئن کے بیشتر علاقے شامل ہیں۔

Advertisement