پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرا کر پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیت لیا

Peshawar Zalmi becomes PSL 11 champion by defeating Hyderabad Peshawar Zalmi becomes PSL 11 champion by defeating Hyderabad

اسلام آباد (صداۓ روس)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل حاصل کر لیا۔ زلمی نے 9 سال بعد پی ایس ایل کا خطاب جیتا ہے۔ حیدرآباد کنگز نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پشاور زلمی کو 130 رنز کا ہدف دیا۔ زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ صائم ایوب 54 رنز بنا کر ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔ حیدرآباد کنگز کی شروعات اچھی نہ ہو سکی۔ پہلی وکٹ 16 رنز پر گری جب معاذ صداقت 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان مارنوس لیبوشین 20 رنز بنا کر 51 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان خان 8 رنز، عرفان نیازی 1 رن، گلین میکسویل صفر اور کوشل پریرا 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حسان خان نے 12 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز بھی مشکل رہا۔ محمد حارث 6 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ 7 رنز کے مجموعے پر کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ تیسری وکٹ 33 اور چوتھی وکٹ 40 رنز پر گری۔ کوشال مینڈس 9 اور مائیکل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم پانچویں وکٹ پر ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے 85 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ایرون ہارڈی نے دباؤ کی صورتحال میں 36 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عبدالصمد 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی لیگ مرحلے میں شاندار کارکردگی کے ساتھ فائنل میں داخل ہوئی تھی۔ ٹیم نے 8 میچ جیتے، ایک میں ہار کا سامنا کیا جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔