پیٹرول مزید سستا ہونے کا امکان، 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی متوقع
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم سے 15 جنوری کے بعد مزید کمی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق 16 جنوری سے پیٹرول 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے۔ اگلے 15 روز کے لیے مٹی کا تیل 1 روپے 82 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر تک کم ہونے کا امکان ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) قیمتوں کا حتمی ورکنگ پیپر 15 جنوری کو وزارت خزانہ اور پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کرے گی۔ حتمی فیصلہ وزارت خزانہ کی جانب سے وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ یہ ممکنہ کمی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں استحکام اور ایکسچینج ریٹ کی صورتحال کی بنیاد پر متوقع ہے۔ اگر حتمی منظوری مل جاتی ہے تو یہ رواں ماہ پیٹرول اور ڈیزل کی دوسری کمی ہو گی جو صارفین کے لیے ریلیف کا باعث بن سکتی ہے۔