بھارت میں طیارے کی کریش لینڈنگ، مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ سمیت 5 افراد ہلاک
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک افسوسناک فضائی حادثے کے نتیجے میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ضلع پونے کے علاقے بارہ متی میں پیش آیا، جہاں ایک چارٹرڈ طیارے کو کریش لینڈنگ کے دوران شدید حادثہ پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے علاوہ ان کے دو قریبی ساتھی اور طیارے کے عملے کے دو ارکان سوار تھے۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ طیارے میں موجود کوئی بھی شخص جانبر نہ ہو سکا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کی فوری وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر تکنیکی خرابی یا موسم کی صورتحال کو ممکنہ اسباب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم حتمی نتائج تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ حادثے کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے اجیت پوار اور دیگر ہلاک ہونے والوں کے لیے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔