وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کی ملاقات
اسلام آباد (صداۓ روس)
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایران کے صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں ایران کے صدر کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم ہاؤس کے لان میں یادگاری پودا بھی لگایا۔ ایرانی صدر نے اپنے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے ارکان سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسعود پیزشکیان نے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کیے، جن میں تجارت، توانائی، سرحدی تعاون، سلامتی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر کا یہ دورہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو نئی سمت دے گا اور مشترکہ مفادات پر مبنی پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔