لاہور میں مبینہ مقابلے پولیس، 6 ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
اسلام آباد (صداۓ روس)
لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں میں ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ پولیس کے مطابق چوہنگ اور مصری شاہ میں ہونے والے دو الگ الگ واقعات میں مجموعی طور پر 6 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق چوہنگ کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔ اس دوران ڈاکوؤں نے اپنے ہی ساتھیوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 4 ملزمان موقع پر ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی اور ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ادھر مصری شاہ کے علاقے میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ 2 ملزمان کو ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ اچانک ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں گرفتار ملزمان گولیوں کا نشانہ بنے اور موقع پر ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف سنگین جرائم کے مقدمات درج تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔