ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
اسلام آباد میں سیاسی اور عوامی سرگرمیوں کے متوقع انعقاد کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وفاقی حکومت نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے مجموعی طور پر 23 ہزار 500 پولیس اہلکار طلب کر لیے ہیں۔ کابینہ سیکرٹری نے تینوں صوبائی حکومتوں کو خط لکھا ہے، جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے پولیس اہلکاروں کی دستیابی اور تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار جبکہ بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار اسلام آباد بھیجے جائیں گے۔ تینوں صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ پولیس نفری 20 ستمبر تک اسلام آباد میں تعینات کر دی جائے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سے نمٹنے کے لیے ایک ہزار سے زائد کنٹینرز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ 100 سے زائد کنٹینرز اہم مقامات پر پہلے ہی پہنچا دیے گئے ہیں۔ انسداد ہنگامہ آرائی یونٹس، خصوصی آلات اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری سامان بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں، اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید بڑھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔