گلگت بلتستان (جی بی) میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان اتحاد کی حکومت بننے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جی بی میں پی پی پی اور ن لیگ کا اتحاد پی ڈی ایم طرز پر ممکن ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیراعلیٰ کا عہدہ پیپلز پارٹی جبکہ گورنر کا عہدہ مسلم لیگ ن کے پاس ہوگا۔ اتحادی حکومت میں وزارتوں کی تقسیم کا فارمولا 40 اور 60 فیصد رکھا جائے گا۔ اس سے قبل ایوان صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی تھی، جس میں گلگت بلتستان کے انتخابات، آزاد کشمیر کی صورتحال اور دیگر قومی اہمیت کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
اس اجلاس میں پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیری رحمان، نوید قمر، سلیم مانڈوی والا، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور راجا پرویز اشرف بھی شریک ہوئے۔