ماسکو (اشتیاق ہمدانی) — روس کے دارالحکومت ماسکو میں رواں سال نومبر میں خواتین رہنماؤں کا ایک اہم فورم منعقد ہونے جا رہا ہے۔ چوتھا بین الاقوامی فورم “تیسری صدی کی عورت” (IV International Forum “Woman of the Third Millennium”) 18 سے 19 نومبر 2025 تک وزارتِ خارجہ روس کے ثقافتی مرکز میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا کے درجنوں ممالک سے خواتین رہنماؤں، سفیروں، سرمایہ کاروں اور سماجی کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔
اس سال فورم کی جغرافیائی وسعت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ تازہ ترین اعلان کے مطابق قطر، چین اور لیبیا کی اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
قطر کی نمائندگی محترمہ ڈاکٹر حمدا بنت حسن السلیطی، نائب اسپیکر شوریٰ کونسل، اور محترمہ شیخہ بنت جاسم آل ثانی، نائب وزیر برائے امورِ خاندان، کریں گی۔ چین سے خواتین کی قومی فیڈریشن کا 18 رکنی وفد شرکت کرے گا، جس کی قیادت لو یوئینگ، صوبہ جیانگشی کی خواتین کاروباری تنظیم کی صدر، کریں گی۔ اسی طرح لیبیا سے اعلیٰ ریاستی کونسل کے نمائندے بھی فورم میں موجود ہوں گے۔
منتظمین کے مطابق فورم میں بھارت، برطانیہ، اٹلی، تاجکستان، فن لینڈ، ملیشیا، ترکمانستان، فرانس، ایتھوپیا، ایکواڈور، قازقستان سمیت روس کے 89 ریجنز کی نمائندگی متوقع ہے۔
خواتین کے عالمی کردار پر اسٹریٹجک مباحثے، بین الاقوامی نیٹ ورکنگ سیشن، ممتاز ماہرین کے ماسٹر کلاسز، “خواتین کے ہاتھوں سے” کے عنوان سے خصوصی نمائش،سفیروں اور سرمایہ کاروں سے براہِ راست ملاقاتیں فورم کی نمایاں سرگرمیوں میں شامل ہوں گی.
یہ عالمی اجتماع وزارتِ خارجہ روس، وزارتِ محنت و سماجی تحفظ، روس سوٹروڈنیچیسٹوا اور حکومتِ ماسکو کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
مرکزی معلوماتی شراکت دار آن لائن جریدہ “سفارتی زندگی” ہے، جبکہ باضابطہ شراکت دار کے طور پر ہوٹل کارلٹن ماسکو شامل ہے۔
گزشتہ سال 2024 میں منعقد ہونے والے تیسرے بین الاقوامی فورم “تیسری صدی کی عورت” کو بھی بھرپور کامیابی حاصل ہوئی تھی، جس میں 60 سے زائد ممالک کی خواتین رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر خواتین کی سماجی و معاشی ترقی، قیادت، اور عالمی امن کے فروغ پر متعدد عملی تجاویز پیش کی گئی تھیں۔
ماہرین کے مطابق یہ فورم صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ایک عالمی تحریک کی شکل اختیار کر چکا ہے، جو خواتین کی قیادت کو نئی سمت دے رہا ہے۔ یہ فورم ایک بار پھر اس بات کا ثبوت ہے کہ عورت نہ صرف مستقبل کی معمار ہے بلکہ تیسری صدی میں دنیا کی قائد بھی ہے۔