صدر آصف علی زرداری سے روس میں متعین پاکستانی سفیر کی ملاقات

Faisal Niaz Tirmizi Faisal Niaz Tirmizi

صدر آصف علی زرداری سے روس میں متعین پاکستانی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد (صداۓ روس)
روس کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر فیصل نیاز ترمذی نے آج ایوانِ صدر میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ صدر نے انہیں روس میں پاکستان کا سفیر مقرر ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفیر کا کردار نہایت اہم ہوگا۔

صدر زرداری نے زور دیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان سیاسی، معاشی، تکنیکی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے موثر سفارتی کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں دوطرفہ تجارت میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ تجارت میں اضافے کے لیے توانائی، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روسی قیادت کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھے جائیں، خصوصاً انسدادِ دہشت گردی، علاقائی رابطہ کاری اور خطے کے امن و استحکام کے حوالے سے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق، خلائی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں روس کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدرِ پاکستان نے روسی اداروں سے اسکالرشپس اور تربیتی مواقع کے حصول کی اہمیت بھی اجاگر کی تاکہ پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔

Advertisement

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی روابط، سیاحت اور دونوں ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مضبوط روابط سفارتی مشن کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے روسی میڈیا، تھنک ٹینکس اور علمی اداروں سے رابطے بڑھانے کی بھی ہدایت کی تاکہ پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش ہو سکے۔ آخر میں صدر زرداری نے نامزد سفیر کو نئی ذمہ داریوں کے آغاز پر نیک خواہشات پیش کیں اور یقین دلایا کہ انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران ایوانِ صدر کی جانب سے مکمل تعاون حاصل رہے گا۔