خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

صدر پوتن اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

Putin and Shahbaz Sharif

صدر پوتن اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد (صداۓ روس)
روس کے صدر ولادی میر پوتن نے وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں روسی وزیرِخارجہ سرگئی لاوروف، صدارتی دفتر کے اعلیٰ حکام، وزیرِزراعت اوکسانا لوٹ، وزیرِٹرانسپورٹ آندرے نیکیتن، وزیرِمالیات آنتون سیلوانوف، وزیرِتوانائی سرگئی سیویلیوف، روسی مرکزی بینک کی گورنر ایلوِرا نابی اُلینا اور عسکری و تکنیکی تعاون کے محکمے کے ڈائریکٹر دیمتری شوگایف بھی شریک تھے۔ صدر پوتن نے گفتگو میں کہا کہ پاکستان ایشیا میں روس کا روایتی شراکت دار ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کے لیے پیش رفت ہوئی ہے۔ تاہم بعض مشکلات کی وجہ سے دوطرفہ تجارت میں معمولی کمی آئی ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ قدرتی آفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان ان مشکلات پر قابو پا لے گا۔ صدر پوتن نے مزید کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہے اور دونوں ممالک بین الاقوامی سطح پر قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو نومبر میں ماسکو میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر پوتن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک سنجیدہ اور مخلصانہ کوششوں سے تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں، خصوصاً تجارت کے شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس روس سے تیل کی درآمد کے باعث تجارتی حجم میں اضافہ ہوا۔

وزیرِاعظم نے بتایا کہ آستانہ میں ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں میں تیزی آئی ہے اور حالیہ پروٹوکولز کے ذریعے زراعت، فولاد، توانائی، ٹرانسپورٹ اور بیلا روس سے پاکستان تک کوریڈور کی ترقی پر اتفاق کیا گیا ہے جو خطے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے روس کی خطے میں توازن قائم رکھنے کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ روس کے تعلقات کا احترام کرتا ہے مگر پاکستان روس کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے تاکہ خطے میں ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ شہباز شریف نے روس کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ماسکو جا کر اپنے پرانے یادگار لمحات کو تازہ کریں گے۔ صدر پوتن نے وزیرِاعظم کے خیالات کو سراہتے ہوئے تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

شئیر کریں: ۔