صدر پوتن کا امریکی صدر ٹرمپ سے نئے روابط پر آمادگی کا اظہار
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر رابطوں اور ملاقاتوں کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں، خصوصاً امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ممکنہ ملاقات کے لیے بھی۔ جمعہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پوتن نے کہا میں ہمیشہ رابطوں اور ملاقاتوں کے لیے تیار ہوں۔ مجھے علم ہے کہ مسٹر ٹرمپ نے بھی ممکنہ ملاقاتوں کی بات کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا میں ان سے اتفاق کرتا ہوں کہ ایسی ملاقاتوں کا انعقاد ہونا چاہیے۔ واضح رہے کہ صدر پوتن اور صدر ٹرمپ کے درمیان رواں برس 14 جون کو ایک اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی، جو صرف ایک ماہ میں تیسری اور سال کی پانچویں بات چیت تھی۔ اس رابطے میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا تھا، جو بعد ازاں امریکہ کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں سے پہلے ہوا تھا۔
پچھلی بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کی بحالی اور یوکرین بحران کے حل سے متعلق پہلوؤں پر گفتگو کی تھی۔ بین الاقوامی مبصرین کے مطابق، اگر یہ ملاقات طے پاتی ہے تو یہ روس-امریکہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ اور یوکرین جیسے بحرانوں پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔