صدر پوتن نے “میڈ اِن رشیا” ٹیکسی قانون پر دستخط کر دیے
ماسکو (صداۓ روس)
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک نئے قانون پر دستخط کر دیے ہیں جس کا مقصد روس میں مقامی طور پر تیار کردہ ٹیکسی گاڑیوں کو فروغ دینا ہے۔ یہ قانون جمعے کے روز روسی قانونی معلومات کے سرکاری پورٹل پر شائع کیا گیا۔ قانون کے مطابق، کسی بھی گاڑی کو ٹیکسی رجسٹری میں شامل کرنے کے لیے دو میں سے ایک شرط پوری کرنا ضروری ہو گی: یا تو وہ مخصوص لوکلائزیشن پوائنٹس حاصل کرے یا پھر وہ مارچ 2022 سے مارچ 2025 کے درمیان دستخط شدہ خصوصی سرمایہ کاری معاہدے کے تحت تیار کی گئی ہو۔ گاڑی کو روسی ساختہ پرزہ جات یا خام مال استعمال کرنے، یا ملک کے اندر اسمبل ہونے پر لوکلائزیشن پوائنٹس ملتے ہیں۔ اس وقت درکار پوائنٹس کی حد 3,200 ہے، جو 2028 تک بڑھا کر 3,700 کر دی جائے گی۔
یہ قانون یکم مارچ 2026 سے روس کے بیشتر علاقوں میں نافذ العمل ہوگا، تاہم وہ گاڑیاں جو اس تاریخ سے پہلے ٹیکسی رجسٹری میں شامل ہو چکی ہوں گی، ان پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ یہ بل 2023 میں روسی پارلیمان میں پیش کیا گیا تھا، اور رواں ماہ اس پر ووٹنگ کے بعد اسے منظور کیا گیا۔ اس قانون کے خالقوں میں شامل اندری کوتیپوڤ کے مطابق، روس پر مغربی پابندیوں کے باعث ٹیکسی بیڑے کو خطرات لاحق ہیں، اور یہ قانون روسی کارسازی صنعت کو سالانہ 40 سے 50 ہزار اضافی گاڑیاں فروخت کرنے کا موقع دے گا، جبکہ اس سے ریاست کو 10 سے 12 ارب روبل (تقریباً 124 سے 150 ملین ڈالر) کے اضافی ٹیکس آمدن حاصل ہو گی۔