ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
روسی صدر پوتن نے عید الفطر کے موقع پر روس کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک کے بابرکت اختتام پر وہ روس کے تمام مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ صدر پوتن کے مطابق یہ مبارک تہوار صدیوں سے اہلِ ایمان کے لیے اخلاقی بلندی، رحمت، خیر خواہی اور باہمی ہمدردی کی علامت رہا ہے اور مسلمانوں کو اسلامی اقدار اور روایات سے جوڑے رکھتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس کے مسلمان اپنے اسلاف کی تاریخی اور روحانی میراث کو عزت و احترام کے ساتھ محفوظ رکھے ہوئے ہیں اور اس تہوار کو اپنی برادریوں اور خاندانوں میں خلوص اور عقیدت کے ساتھ مناتے ہیں۔ صدر کے مطابق ماہِ رمضان کے دوران فلاحی، ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ بچوں کے لیے خصوصی تقریبات کا انعقاد ایک مثبت اور مستحکم روایت بن چکا ہے۔
صدر پوتن نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم تنظیمیں خاندانی نظام کے استحکام اور نوجوان نسل کی بہتر تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق یہ تنظیمیں ریاستی اور عوامی اداروں کے ساتھ تعمیری تعاون اور مکالمے میں بھی شریک رہتی ہیں اور حب الوطنی، تعلیم و تربیت اور انسانی ہمدردی پر مبنی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے خصوصی طور پر ان مسلمان شہریوں کا شکریہ ادا کیا جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر روسی مادرِ وطن کی آزادی اور خودمختاری کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صدر پوتن نے ان افراد کا بھی اعتراف کیا جو روسی فوجیوں کے اہلِ خانہ اور عزیزوں کی مدد اور دلجوئی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ پیغام کے اختتام پر روسی صدر نے روس کے تمام مسلمانوں کے لیے صحت، کامیابی اور فلاح و بہبود کی دعا کی۔