صدر ٹرمپ کی دھمکی: کولمبین صدر نے مسلح افواج کو ہدایات جاری کردیں
ماسکو (انٹرنیشنل)
کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کے بعد سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی مسلح افواج کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔
صدر پیٹرو نے پبلک فورس کو خبردار کیا کہ جو بھی ملکی مفادات اور قومی پرچم کو ترجیح نہیں دے گا، وہ ادارے کا حصہ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آئین کے مطابق پبلک فورس ملکی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کی ذمہ دار ہے اور کسی بھی بیرونی دباؤ یا مداخلت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
کولمبین صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بھی دو ٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا۔
یہ بیان اس پس منظر میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں امریکہ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے لیے فوجی کارروائی کی تھی، جس کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے علاقائی ممالک بشمول کولمبیا اور کیوبا کو انتباہات جاری کیے تھے۔ اس صورتحال نے لاطینی امریکہ میں تناؤ کو مزید بڑھا دیا ہے، جہاں کئی ممالک امریکی اقدامات کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔ صدر پیٹرو کا یہ ردعمل کولمبیا کی قومی خودمختاری کے دفاع اور بیرونی دباؤ کے خلاف واضح موقف کی عکاسی کرتا ہے۔