وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ اوول آفس میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی امریکی صدر سے ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی ملاقات میں شریک تھے۔ صدر ٹرمپ اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ ملاقات شروع ہونے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کو عظیم رہنما قرار دیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بہترین شخصیت کے مالک ہیں، وزیر اعظم پاکستان بھی شاندار شخص ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن ڈی سی ایئرپورٹ پہنچے جہاں ان کا امریکی حکام نے شاندار استقبال کیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اینڈریوز ایئر بیس پہنچے تو انکا ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے استقبال کیا۔ وزیرِاعظم کا موٹرکیڈ امریکی سیکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ ہوا۔ وزیراعظم کچھ ہی دیر میں وائٹ ہاؤس پہنچیں گے۔ صدر ٹرمپ ایگزیکٹو آڈر پر دستخط کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرینگے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔