خبریں ہوں یا تجزیے — عالمی منظرنامہ، صرف "صدائے روس" پر۔

LN

وزیراعظم ریاض پہنچ گئے، فضائی حدود میں داخلے پرسعودی لڑاکا طیاروں کاشانداراستقبال

Shahbaz Sharif

وزیراعظم ریاض پہنچ گئے، فضائی حدود میں داخلے پرسعودی لڑاکا طیاروں کاشانداراستقبال

اسلام آباد(صداۓ روس)
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف مملکت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر اسلام آباد سے ریاض پہنچ گئے جب کہ وزیراعظم کے ہوائی جہاز کی سعودی فضائی حدود میں داخلے پر سعودی ایف-15 لڑاکا طیاروں نے شاندار استقبال کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق کنگ خالد ائیر پورٹ، ریاض پہنچنے پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبد الرحمن بن عبد العزیز، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور اعلی سفارتی حکام نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا، وزیرِ اعظم کی ریاض آمد پر پورے شہر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کو 21 توپوں کی سلامی اور سعودی عرب کی افواج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ بعد ازاں وزیرِ اعظم شاہی دیوان، قصر یمامہ سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کیلئے جائیں گے، قصر یمامہ میں وزیر اعظم اور پاکستانی وفد کا باضابطہ استقبال ہوگا۔

دوطرفہ ملاقات میں پاکستان سعودی عرب تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے باضابطہ پیش رفت متوقع ہے جو دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کے ہوائی جہاز کی سعودی فضائی حدود میں داخلے پر سعودی ایف-15 لڑاکا طیاروں نے شاندار استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ہوائی جہاز کے سعودی فضائی حدود میں داخلے پر سعودی ایف-15 لڑاکا طیاروں نے وزیر اعظم کے طیارے کو حصار میں لیتے ہوئے شاندار استقبال کیا۔ وزیراعظم نے سعودی لڑاکا طیارے کو سلامی پیش کی اور کاک پٹ میں جاکر مائیک کے ذریعے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ سعودی ائیر فورس کے جہازوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے جہاز کے سعودی ائیر اسپیس میں داخل ہوتے ہی اپنی حفاظت میں لیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ سعودی عرب حکومت کی طرف سے برادرانہ محبت اور احترام کا مظاہرہ، عالم اسلام میں یہ مقام اللہ کی مہربانی، شہباز شریف کی سفارتی مہارت اور ہماری افواج کی بے مثال کامیابیوں کا ثمر ہے۔

شئیر کریں: ۔