ڈیووس میں تاریخ رقم: وزیراعظم شہباز شریف کے غزہ بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط
اسلام آباد (صداۓ روس)
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر غزہ بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی اس معاہدے پر دستخط کیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر تمام شریک ممالک کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف پیس کے ذریعے اقوام متحدہ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔ ٹرمپ نے واضح کیا کہ غزہ میں جنگ ختم ہونے والی ہے اور حماس کو لازمی طور پر ہتھیار ڈالنے ہوں گے، ورنہ ہم حماس کو ختم کر دیں گے۔ امریکی صدر نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ روکنے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور انہوں نے دونوں کے درمیان جنگ روک کر ایک یا دو کروڑ لوگوں کی جانیں بچائی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ایک یا دو کروڑ لوگوں کی جانیں بچائی ہیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے 10 ماہ میں 8 جنگیں روک دیں۔ انہوں نے شام کے صدر سے بات کی اور شام پر عائد تمام پابندیاں ہٹا دیں۔ وہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے کوشاں ہیں اور ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں۔
یہ معاہدہ غزہ میں مستقل جنگ بندی، انسانی امداد میں اضافہ اور علاقے کی تعمیر نو کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔